جامعہ اسلامیہ کاشف العلوم اورنگ آباد میں 65 سالہ اجلاس تعلیمی و دستار بندی
صوبۂ مہاراشٹر کی عظیم و قدیم دینی درسگاہ جامعہ اسلامیہ کاشف العلوم اورنگ آباد کی بنیاد پر پینسٹھ سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔ اس عرصہ میں شعبہ دینیات و عالمیت اور شعبہ حفظ سے ہزاروں طلبہ فارغ ہوچکے ہیں اور اپنے اپنے علاقہ میں دینی تعلیم و تربیت، دعوت و تبلیغ اور مسلم معاشرہ کی اصلاح کے میدان میں گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان ابنائے کاشف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کی ان کوششوں کو مہمیز دینے کی غرض سے 16-17 ستمبر 2023 کو جامعہ اسلامیہ کاشف العلوم جامع مسجد اورنگ آباد میں دو روزہ اجلاس تعلیمی و دستار بندی کا انعقاد عمل میں آرہا ہے جس کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ جلسہ گاہ اور طعام وقیام کے سلسلہ کی تمام منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی ہے اس دو روزہ اجلاس کی صدارت ناظم ندوۃ العلماء لکھنؤ، رکن شوری دار العلوم دیوبند و سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ حضرت مولانا سید بلال عبدالحئی حسنی ندوی دامت برکاتہم فرمائیں گے اور مہتمم دار العلوم (وقف) دیوبند حضرت مولانا محمد سفیان قاسمی بحیثیت مہمان خصوصی اس اجلاس میں شرکت فرمائیں گے۔ اس دو روزہ اجلاس کے موقع پر بانی جامعہ اسلامیہ کاشف العلوم جامع مسجد اورنگ آباد کی حیات و خدمات پر مرتبہ کتاب کی رسم اجراء بدست صدر اجلاس عمل میں آئے گی اسی طرح جامعہ اسلامیہ کاشف العلوم کے تمام قدیم فارغ التحصیل ابنائے کاشف کی دستار بندی ہوگی اور ان علمائے کرام کی خدمت میں مولانا محمد سعید خان کی حیات و خدمات پر مشتمل چھ سو صفحات پر مشتمل کتاب پیش کی جائے گی۔ اسی طرح اس موقع پر صدر اجلاس اور مہمان خصوصی کے خطابات کے علاوہ ابنائے کاشف کے تاثرات اور جمعیۃ الطلبہ جامعہ اسلامیہ کاشف العلوم کے پروگرام بھی پیش کیے جائیں گے۔ اور ۱۷؍ ستمبر ۲۰۲۳ء کو بعد نماز مغرب جامع مسجد میں اصلاح معاشرہ کا عظیم الشان اجلاس منعقد ہوگا جس میں صدر اجلاس کا پرمغز خطاب ہوگا۔
حالیہ تکمیل شدہ تعمیری و ترقیاتی منصوبے
(۱)احاطہ جامعہ کے جنوبی حصے میں مطبخ کی جدید عمارت کااولین و دوم سلیب بحسن و خوبی مکمل ہوا اس طرح جدید مطبخ کی تعمیر کا آخری اپنے آخری مرحلے میں ہے۔
(۲) نیزاحاطہ جامع مسجد میں جدید آبدار خانے کا کام بھی مکمل کیا گیا۔
(۳) احاطہ جامع مسجد کے شمالی سمت کنوئیں کی کھدوائی کی گئی جس سے فی گھنٹہ تقریبا ایک لاکھ لیٹر پانی دستیابی کی گنجائش ہے جو جامع مسجد اور جامعہ کی تمام ضروریات پوری کرنے کیلئے کافی ہے۔
(۴) مدرسہ عائشہ مجیب کالونی کی نئی RCC کی عمارت کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔
(۵) جامع مسجد کے وضو خانے کی جدید انداز میں تعمیر کی گئی۔